77

کشمیرمیں لاﺅا پک رہا ہے، جو کبھی نہ کبھی نہ پھٹے گا تو بہت بڑا نقصان ہوگا

کشمیری نوجوان بندوق کاراستہ ترک کریں
خصوصی پوزیشن چین یاپاکستان نے نہیں ،آئین ہند نے دی تھی:محبوبہ مفتی
نیوز سروس

سری نگر:۲۱،اپریل:پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کشمیری نوجوانوں سے ملی ٹنسی کاراستہ ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شاید کچھ لوگ چاہتے ہیں لوگ بندوق اٹھائیں تاکہ وہ دنیا کو بتا سکیں کشمیری دہشت گرد ہیں۔دفعہ370کی بحالی کوپیپلز الائنس کابڑا مقصد قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے خبردارکیاکہ کشمیرمیں لاﺅا پک رہا ہے جو کبھی نہ کبھی نہ پھٹے گا تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔انہوں نے وزیراعظم مودی کو صلح صفائی کا راستہ اپنانے کی صلاح دیتے ہوئے کہاکہ آخر کار ہندوستان اور پاکستان کو بات کرکے جموں وکشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا پڑے گا۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پیر کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ شاید کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے نوجوان بندوق اٹھائیں تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ یہ دہشت گرد ہیں اور ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔موصوفہ کا کہنا تھاکہ میں بار بار نوجوانوں سے گذارش کرتی ہوں کہ وہ گولیوں سے اپنی جان نہ گنوائیں بلکہ جمہوری طریقے سے بات کریں، آج نہیں کل نہیں لیکن آخر کار دونوں
ہندوستان اور پاکستان کو بات کرکے جموں وکشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا پڑے گا۔پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے بارے میں پوچھے جانے پر پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کہاکہپی اے جی ڈی کا مقصد دفعہ 370 بحال کرنے کے لئے کوشش کرنا ہے، فاروق صاحب کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو رہی ہے، پی اے جی ڈی ابھی صحیح و سالم ہے کیونکہ لوگ اس کے ساتھ ہیں۔جموں و کشمیر میں اسمبلی حلقوںکی سر نو حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر پی ڈی پی صدراورپی اے جی ڈی کی نائب صدر محبوبہ مفتی نے کہاکہمرکزی حکومت چاہتی ہے کنٹرول زیادہ سے زیادہ وقت تک ان کے ہاتھوں میں ہی رہے۔انہوں نے کہاکہ اگر یہاں انتخابات ہوئے تو کنٹرول ان کے ہاتھوں میں نہیں رہے گا اور ان کی مداخلت بند ہوجائے گی۔سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہاں کے سارے فیصلے جیسے پکڑ دھکڑ وغیرہ دلی سے آتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ کشمیری پھنسا ہوا ہے یہاں لاﺅا پک رہا ہے جو کبھی نہ کبھی نہ پھٹے گا تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ میں مرکزی سرکار سے کہتی ہوں کہ ایسا نہ کریں کہ کل سارے راستے بند ہوں گے۔انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان جائیں اور صلح و صفائی ہوجائے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ بحال ہونے پر زور دیا۔محبوبہ مفتی نے وزیراعظم مودی کوپاکستان جانے کی صلاح دیتے ہوئے اٹل بہاری واجپائی کاقول دوہرایاکہ ہم دوست بدل سکتے ہیں لیکن ہمساےے نہیں ۔موصوفہ کاکہناتھاکہ ہم مرکز ئی حکومت کے اس فیصلے(دفعہ370کی منسوخی) کو قبول نہیں کرتے ہیں۔جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ سابقہ ریاست کو خصوصی حیثیت آئین ہند نے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پوزیشن، چین یا پاکستان نے نہیں دی تھی۔ بلکہ ہم (جموں وکشمیر)نے کچھ شرائط پر ہندوستان کا الحاق کیا تھا اور ان میں سے ایک ہماری شناخت کی حفاظت کرنا تھا۔انہوں نے کہاکہ جب ہم اس کی بحالی چاہتے ہیں تو بی جے پی حکومت کو تکلیف کیوں ہوجاتی ہے ؟۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرکز کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اگر آپ(مرکز) جموں و کشمیر کے لوگوں کی پرواہ کرتے ہیں تو آپ کو جو کچھ ہم سے چھین لیا ہے اسے آپ کو واپس کرنا پڑے گا۔سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے زوردیکرکر کہا کہ کشمیر سمیت تمام بقیہ امور کے حل کےلئے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔ محبوبہ مفتی نے وزیراعظم مودی کوپاکستان جانے کی صلاح دیتے ہوئے اٹل بہاری واجپائی کاقول دوہرایاکہ ہم دوست بدل سکتے ہیں لیکن ہمساےے نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں