سٹی ایکسپریس نیوز
گاندربل، 14 اگست،2026: حکام نے جمعرات کو بتایا کہ زوجیلا، رنگا موڑ، مینا مرگ اوردیگرکئی مقامات پر تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے ملبے کو ہٹانے کے بعد سری نگر-سونمرگ-گمری (ایس ایس جی) روڈ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس، بارڈر روڈز آرگنائزیشن اورمقامی پولیس کی مشترکہ کوششوں سے رات بھر میں ملبہ ہٹا دیا گیا اور متاثرہ حصوں پرآمدورفت بحال کر دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ تودے گرنے کے باعث پھنس جانے والی تمام گاڑیوں کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور اس راستے پر ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضروری کلیئرنس اور ‘گرین سگنل’ ملنے کے بعد، مقررہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے گی۔
گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایس ایس جی روڈ پرسفر کے دوران حکام کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور حساس یا خطرناک مقامات پراحتیاط برتیں۔
