نئی دہلی، 22 اکتوبر,2026: کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کے روز، اپنے فوٹوگرافر بیٹے کی نمائش سے متعلق تنازعہ کے تناظر میں کہا کہ “جب کوئی صاحبِ اختیار کسی دوسرے کے اظہارِ خیال سے ڈرنے لگے، تو اسے اس بات کا احساس بھی نہیں ہوتا کہ وہ دراصل اسی طاقت کو کھو چکا ہے جس کی وہ حفاظت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔” پرینکا گاندھی واڈرا اور رابرٹ واڈرا کے بیٹے، آرٹسٹ اور فوٹوگرافر ریحان واڈرا نے بدھ کے روز بتایا کہ بیکانیر ہاؤس کی انتظامیہ نے ان کی انفرادی نمائش (سولو ایگزیبیشن) سے قبل، دہلی میں ہونے والے حالیہ احتجاجی مظاہروں کی ان کی کئی تصاویر ہٹا دیں۔ “نو آئیڈیا اِز فائنل” کے عنوان سے منعقدہ اس نمائش کا پری ویو بدھ کو ہوا اور اس کا باقاعدہ آغاز جمعرات کو ہو رہا ہے۔ ریحان واڈرا کو ٹیگ کرتے ہوئے، پرینکا گاندھی نے مودی حکومت پر بالواسطہ طنز کیا اور کہا، “جب کوئی صاحبِ اختیار کسی دوسرے کے اظہارِ خیال سے ڈرنے لگے، تو اسے اس بات کا احساس بھی نہیں ہوتا کہ وہ دراصل اسی طاقت کو کھو چکا ہے جس کی وہ حفاظت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔” ریحان کے نام اپنے پیغام میں پرینکا گاندھی نے کہا، “تم سچائی کا ساتھ دیتے ہو، اور ہر خوبصورت چیز خود بخود تمہارے پاس چلی آئے گی۔ مجھے تم پر فخر ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔” بدھ کے روز، ریحان نے بتایا کہ انہیں سہ پہر ساڑھے تین بجے کہا گیا کہ اگر شام پانچ بجے تک تصاویر نہیں ہٹائی گئیں، تو نمائش منسوخ کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نمائش کی تفصیلی تجویز اور خاکہ کافی پہلے ہی بیکانیر ہاؤس کی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کر دیا تھا۔ بیکانیر ہاؤس انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے کچھ تصاویر ہٹا دیں۔ پرینکا واڈرا نے اسے مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک بھر کے نوجوانوں کی آواز کو “دبانے” کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا، “آج یہ ہیں، کل کوئی اور فنکار ہو سکتا ہے۔” بیکانیر ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ “انہیں اس معاملے پر تبصرہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔” بیکانیر ہاؤس کی سی سی اے عمارت کی پہلی منزل پر موجود دو بڑے کمرے اب ویران ہو چکے ہیں، کیونکہ چند گھنٹے قبل وہاں سے تقریباً 74 تصاویر ہٹا دی گئی ہیں۔ رائحان نے بتایا، “انہوں نے آج سہ پہر ساڑھے تین بجے ہم سے کہا کہ اگر شام 5 بجے تک تصاویر نہیں ہٹائی گئیں تو نمائش منسوخ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تصاویر دکھانے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔” انہوں نے کہا کہ ان تصاویر میں سے کسی میں بھی “کوئی سیاسی پیغام نہیں تھا، بلکہ یہ محض گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی عکاسی کرتی تھیں۔” انہوں نے مزید کہا، “میں نے محسوس کیا کہ ایک ہندوستانی فنکار کے طور پر یہ میرا فرض ہے—صرف اس لیے نہیں کہ میں اس وقت نمائش کر رہا ہوں، بلکہ ایک ہندوستانی فنکار کے طور پر یہ میرا فرض ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے اسے دستاویزی شکل دوں… وہ فنکاروں کے کام پر سنسر شپ لگا رہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ انہیں کس بات کا ڈر ہے۔ وہ تو اس حد تک چلے گئے کہ انہوں نے ہندوستانی پرچم کی تصویر بھی ہٹا دی۔” جب ان سے تصاویر ہٹائے جانے کی وجہ پوچھی گئی تو رائحان نے بتایا کہ بیکانیر ہاؤس انتظامیہ کا کہنا تھا کہ “ہندوستان میں موجودہ حالات اور سیاسی فضا کو دیکھتے ہوئے، ان تصاویر کو دکھانے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔” انہوں نے کہا، “میں نے یہ دلیل دی کہ سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ‘سیاسی فن’ کی نمائش نہ کریں، کیونکہ ہر قسم کا فن سیاسی ہی ہوتا ہے۔ سیاست کے بغیر کوئی فن وجود نہیں رکھتا۔”(ایجنسیاں)