سٹی ایکسپریس نیوز
سری نگر، 12 جنوری،2026: جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے اس پر جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے مستقل چیئرمین کی تقرری میں ناکامی پر جانبداری اورانتظامی بے حسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً ایک سال گزرنے کے بعد بھی طلبہ کا مستقبل خطرے میں ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک بیان میں، بی جے پی نے کہا کہ تقریباً ایک سال گزرنے کے باوجود، حکومت جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے لیے باقاعدہ چیئرمین کا تقرر کرنے میں ناکام رہی ہے، جس سے گورننس اور طلبہ کے مستقبل کے بارے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
پارٹی نے طویل تاخیر پر عمر حکومت سے سوال کیا اور پوچھا کہ پورے ایک سال میں کوئی مستقل تقرری کیوں نہیں کی گئی اور اگرانتظامی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے طلباء کے کیریئر پر منفی اثر پڑتا ہے تو کس کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
بی جے پی نے مزید الزام لگایا کہ تاخیر جان بوجھ کر کی گئی، اور دعویٰ کیا کہ قابل اور لائق امیدوار کی تقرری کے بجائے حکومت مبینہ طور پر اپنے قریبی ساتھیوں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پارٹی نے کہا، "یہ محض تاخیر نہیں ہے بلکہ عمر حکومت کی ناقص ترجیحات اور اہم تعلیمی اداروں میں سیاسی مداخلت کی واضح عکاسی ہے،” پارٹی نے مزید کہا کہ اس طرح کے طرز عمل لاکھوں طلبہ کے تعلیمی مفادات کے لیے نقصان دہ ہیں۔
بی جے پی نے میرٹ پر فوری طور پرجموں و کشمیربورڈ آف اسکول ایجوکیشن چیئرمین کی تقرری کا مطالبہ کیا، انتباہ دیا کہ مسلسل بے عملی اس کو مزید بے نقاب کرے گی جسے اس نے حکومت کی "غلط حکمرانی اور سیاسی جانبداری” قرار دیا ہے۔ (ایجنسیاں)
