سٹی ایکسپریس نیوز
نئی دہلی، یکم ستمبر،2026: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز جی ڈی پی کی شرحِ نمو میں 7.8 فیصد اضافے پرعوام کی ستائش کی اور کہا کہ یہ کارنامہ جنگوں، عدم استحکام اور سپلائی چین میں خلل کے باوجود انجام دیا گیا۔
انسٹاگرام پرجاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر عوام ‘سودیشی’ (مقامی مصنوعات) اور خود انحصاری پر زور دیتے رہے تو ملک کے نوجوانوں کو آزادی کے 100ویں سال میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان ملے گا۔
انہوں نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ وہ بیرونِ ملک تعطیلات منانے یا وہاں شادی کی تقریبات منعقد کرنے سے گریز کریں، اور انتہائی ضرورت کے بغیر سونا نہ خریدیں۔
مودی نے کہا، "میں جی ڈی پی کی 7.8 فیصد شرحِ نمو پرملک کے عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ یہ ان کے اجتماعی عزم اور کوششوں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ ہر طرف تنازعات، جنگوں اور عدم استحکام کے باوجود ہندوستان نے یہ سنگِ میل عبور کیا ہے۔”
وزیر اعظم نے کہا کہ 2020 کی کووڈ وبا کے بعد سے کہیں بھی حالات مستحکم نہیں رہے، لیکن ہندوستان نے اچھی پیش رفت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کچھ لوگ منفی سوچ اور جھوٹ پھیلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ملک ترقی کرتا رہا۔
"ہمیں اپنی ترقی کی رفتاربرقراررکھنی ہے۔ ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ اور اس کے لیے ہمیں خود انحصار بننا ہوگا۔ نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل کے لیے ہماری سخت محنت درکار ہے۔ ہمیں کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے،” انہوں نے کہا۔
مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیاں بہترین اور نیت صاف ہے، اور اسی وجہ سے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
اپریل تا جون کی سہ ماہی میں بھارت کی معیشت 7.8 فیصد کی شرح سے بڑھی جو توقعات سے زیادہ ہے؛ اس سے مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے باعث معاشی گراوٹ کے خدشات کے باوجود ملکی معیشت کی مضبوطی اور لچک ظاہر ہوتی ہے۔
مالی سال 27-2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرحِ نمو، گزشتہ سہ ماہی کی شاندار 8.6 فیصد کی سطح کے مقابلے میں اگرچہ کچھ سست پڑی، لیکن تنازعہ شروع ہونے اور توانائی کی منڈیوں میں خلل پڑنے کے باوجود یہ شرح توقعات سے کہیں زیادہ رہی۔ (ایجنسیاں)
