نئی دہلی، 4 نومبر,2026: حکام کے مطابق، دہلی پولیس نے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی ایک ایسی ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ ڈیجیٹل چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی، اور اس میں مبینہ طور پر بھارت مخالف ریمارکس شامل تھے۔ یہ مقدمہ 3 نومبر کو ‘سائبر پیٹرولنگ’ کے دوران ‘اسپیشل سیل پولیس اسٹیشن’ میں درج کیا گیا۔ پولیس کی نظر سوشل میڈیا ہینڈل ‘@ دی کوٹس نیوز‘ کی ایک پوسٹ پر پڑی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روسی وزیر خارجہ کی ایک مبینہ طور پر تبدیل شدہ ویڈیو پرشانت بھوشن کے ‘ایکس’ ہینڈل سے شیئر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں مبینہ طور پر گمراہ کن اور اشتعال انگیز مواد موجود تھا، جس سے افواہیں پھیلنے، افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچنے اور امن عامہ میں خلل پڑنے کا خدشہ تھا۔ یہ ایف آئی آر ‘بھارتیہ نیائے سنہیتا’ کی دفعات 336 (4) (جعلسازی)، 353 (1) (c) (عوامی بدامنی کا باعث بننے والے بیانات)، 356 (ہتکِ عزت) اور 340 (2) (جعلی دستاویز کو اصلی کے طور پر استعمال کرنا) کے تحت درج کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، اس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 سی (شناخت کی چوری یا پر سزا) بھی شامل کی گئی ہے۔ یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب وزارت خارجہ نے اس ڈیجیٹل طور پر تبدیل شدہ ویڈیو کی حقیقت کی جانچ کی، جسے غلط طور پر روسی وزیر خارجہ سے منسوب کیا گیا تھا۔ اس من گھڑت کلپ میں مبینہ طور پر انہیں بھارت کے اندرونی معاملات اور تیل کی خریداری پر تنقید کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور مواد نیز سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر کا جائزہ لے رہی ہے۔(ایجنسیاں)