رام بن، 13 اکتوبر ,2026: حکام نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر ناچلانہ کے قریب ایک ٹرک کے گہری کھائی میں گرنے سے اس کا ڈرائیور ہلاک اور کنڈکٹر زخمی ہو گیا۔ ایک عہدیدار نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ سری نگر سے گجرات جانے والا ایک ٹرک (رجسٹریشن نمبر RJ19GF/2267) بانہال کے قریب 70 سے 80 فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی میں سوار دونوں افراد زخمی ہو گئے جنہیں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ڈرائیور کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ کنڈکٹر زیرِ علاج ہے۔ متوفی کی شناخت راجستھان کے علاقے بارمیر کے رہائشی صادق خان کے طور پر ہوئی، جبکہ زخمی کی شناخت سکندر کے طور پر کی گئی جو خود بھی بارمیر کا ہی رہائشی ہے۔ دریں اثنا، اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔