سٹی ایکسپریس نیوز
سری نگر، 6 اکتوبر،2025: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو ہندوستان بھر سے نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا جب وہ وادی میں نیشنل اسکول گیمز (انڈر 19 فٹ بال ٹورنامنٹ) میں شرکت کے لیے پہنچے، اور انہیں سخت موسمی حالات کے باوجود مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
عمر نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موسم مجھے لمبی تقریر کرنے اور آپ کو بارش میں کھڑا رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔ "موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، لیکن اپنی، اپنے ساتھیوں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی طرف سے، میں ملک کے کونے کونے سے آنے والے تمام کھلاڑیوں اور ان کی ٹیموں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔”
انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ سپورٹس مین شپ اور جوش و خروش سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ اس ٹورنامنٹ میں اچھے جذبے کے ساتھ شرکت کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے سردی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے والی ٹیم کو فوری مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ میں سے کسی نے گرم کپڑوں کا انتظام نہیں کیا ہے یا موسم کی وجہ سے کسی پریشانی کا سامنا ہے تو براہ کرم ہمیں بتائیں۔ ہم تمام انتظامات کریں گے تاکہ آپ کو اس ٹورنامنٹ میں کوئی پریشانی نہ ہو۔
اسے سردی کا ایک مختصر وقفہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ "یہ دو دن کا موسم ہے، ہمیں امید ہے کہ دو دن کے بعد موسم بہتر ہو جائے گا اور آپ اچھے ماحول میں شرکت کر سکیں گے۔”
"جیتنا اتنا اہم نہیں جتنا حصہ لینا۔ یہاں آنے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔ آپ سب کے لیے نیک خواہشات،” انہوں نے مزید کہا۔ (کے این ایس)
