اسلام آباد، 4 نومبر,2026: پاک فوج کے مطابق، پاکستان نے اپنے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ ’فاز‘ ایئر ٹو ایئر (ہوا سے فضا میں مار کرنے والے) میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے۔ منگل کی رات گئے جاری ہونے والے ایک بیان میں پاک فوج نے کہا کہ اس تجربے سے پاک فضائیہ کی ’آپریشنل لچک‘ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ فوج نے بتایا کہ جدید ترین ’ٹرمینل گائیڈنس سسٹم‘ سے لیس یہ میزائل دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس تجربے کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ وہ سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے جنہوں نے اس میزائل کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔(ایجنسیاں)