430

پروٹوکال اوررہنمااصولوں کی خلاف ورزی’وبا‘ کو دعوت دینے برابر

ایک آدمی کے ماسک نہ لگانے سے سب کو خطرہ لاحق
سری نگرکے ہسپتالوں میں ایک درجن نئے آکسیجن پلانٹ نصب مجسٹریٹ سری نگر
یواین آئی

سری نگر:۶،جنوری:جموں و کشمیر میں کورونا کیسز میں ہو رہے اچانک اضافے کے بیچ ضلع مجسٹریٹ سری نگرڈاکٹر محمد اعجاز اسد کا کہنا ہے کہ کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنا ہی اس وبا کو دعوت دینے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وبا سے گذشتہ2 برسوں سے جوجھ رہے ہیں اور گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ہی نجات کا واحد ذریعہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی اس لہر سے لڑنے کےلئے انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ضلع مجسٹریٹ سری نگرنے کہاکہ کورونا کے کیسوں میں اضافہ درج ہو رہا ہے اور ملک میں بھی کورونا کے کیسوں میں کافی اضافہ درج ہو رہا ہے لہذا کورونا پروٹوکال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد اعجاز اسد کا کہنا تھا کہ ہم2برسوں سے سے اس وبا سے جوجھ رہے ہیں اور کورونا پروٹوکال پر عمل کرنا ہی اس سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر کسی علاقے میں ایک آدمی ماسک نہیں لگائے گا تو اس کا خطرہ سارے علاقے کو لاحق ہے۔کورونا کی اس لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے انتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ‘سری نگرضلع کے مختلف ہسپتالوں میں ایک درجن نئے آکسیجن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں اور ہمارے پاس پانچ سو بستروں والا کووڈ ہسپتال بھی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کی دیکھ ریکھ اور علاج کے لئے ہمارے پاس طبی عملے کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بیچ انتظامیہ نائٹ کرفیو کے نفاذ پر سنجیدگی کے ساتھ غور و غوض کر رہی ہے جبکہ حکام نے صوبے جموں میں میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں