488

شہنشاہ زمستان ’چلہ کلان ‘ خشک موسم میں زیادہ وبال جان ثابت

سری نگرسمیت کئی علاقوںمیں سردترین رات
جھیل ڈل وآنچارسمیت وادی کے کئی علاقوںمیں واقع آبگاہوں کے حصے منجمد
شبانہ درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈکیساتھ پہلگام سردترین مقام
نیوزسروس

سری نگر:۲۲،دسمبر: خشک موسم اورآسمان صاف رہنے کے بیچ 40 روزہ چلہ کلان کی دوسری رات اہلیان وادی کیلئے سخت ثابت ہوئی ،کیونکہ رات کے کم سے کم درجہ حرارت کے باعث سری نگرسمیت کشمیر کے بیشتر میدانی اوربالائی علاقوں میں یہ رواںموسم سرماکی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران شبانہ درجہ حرارت میں متواتر کمی آنے کی وجہ سے سری نگرمیں جھیل ڈل سمیت وادی کے کئی علاقوںمیں واقع آبگاہوں کے حصے منجمد ہوگئے ۔سری نگر سمیت کئی علاقوںمیں جمعرات کوصبح 8 بجے تک درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث لوگ گھروں میں ہی رہے جبکہ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد نمازی گھرواپس آکرسخت سردی سے راحت پانے کیلئے گرم بستروںمیں گھس گئے ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے پھرایک مرتبہ 25دسمبرتک موسم جوںکاتوں رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ 26 دسمبر کوکشمیر وادی کے شمالی اور شمال مغربی حصوں کے اونچے مقامات پر ہلکی برفباری کے امکانات ہیں ۔ حالیہ کئی ہفتوں سے جاری خشک موسمی صورتحال اور آسمان صاف رہنے کے باعث کشمیروادی میں ہڈیوںکوپگلانے والی سردی کی لہر جاری ہے جبکہ 20اور21دسمبرکی درمیانی رات شروع ہونے والے40روزہ چلہ کلان کی آمد کے بعدشبانہ درجہ حرارت میں تیزی کیساتھ کمی درج کی جارہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایاکہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات سخت سردی کے بعد بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈکی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ درجہ حرارت میں مسلسل اورتیزی کیساتھ کمی آنے کے باعث سری نگرمیں جھیل ڈل سمیت وادی کے کئی علاقوںمیں واقع آبگاہوں کے منجمدشدہ حصوں کادائرہ بڑھ گیا ہے جبکہ آبگاہوںکی اوپری سطح جمنے کے بعد سخت ہوگئی ہے ۔اس دوران کئی علاقوں کے لوگوںنے بتایاکہ سخت سردی کے باعث نلوں کے ذریعے پانی کی سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سری نگر،کپوارہ اورکشمیر کے دیگر حصوں میں ایک بار پھر موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔انہوںنے بتایاکہ سری نگرمیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجبکہ سری نگر میںمنگل اور بدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی4.2ڈگری سینٹی گریڈ درج ہواتھا۔یوں شبانہ درجہ حرارت میں 1.3ڈگری سینٹی گریڈ کمی واقعہ ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے اہلکار نے بتایاکہ پہلگام، کوکرناگ، قاضی گنڈ، کپواڑہ اور دیگر سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔دستیاب تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی پہلگام میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھا۔جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈقصبہ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوکرناگ میں رات کاکم سے کم پارہ منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈدرج کیاگیا۔اعداد و شمار کے مطابق شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ رواں موسم کی سردترین رات رہی جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں رات کاکم سے کم پارہ منفی5.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اُدھر محکمہ موسمیات نے پھرایک مرتبہ25دسمبرتک موسم جوںکاتوں رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ 26 دسمبر کوکشمیر وادی کے شمالی اور شمال مغربی حصوں کے اونچے مقامات پر ہلکی برفباری کے امکانات ہیں۔انہوننے بتایاکہ کشمیراورجموں خطے میں 29 اور 30 دسمبر کو 2دنوں تک ہلکی بارشوں اور برف باری کیساتھ طویل خشک دور ختم ہونے کی اُمید ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں