1,280

سکھ برادری نے منایا چھٹے گرو کایوم پیدائش

گردواروں میں خصوصی عبادت اوردعائیں
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے دی سری نگراورپلوامہ کے گردواروں میں حاضری
نیوزسروس

سری نگر:۵،جولائی:وادی کشمیر کی سکھ برادری نے بدھ کو یہاں سکھوں کے چھٹے گرﺅ کے یوم پیدائش کے موقع پر گرو ہرگوبند سنگھ کی جینتی منائی۔ سکھ عقیدت مندوں نے گرو ہرگوبند سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر سری نگر اور وادی کے دیگر مقامات پر گرودواروں پر بڑی تعدادمیں حاضری دی ،اوروہاں عبادت کرنے کے بعددعائیں بھی مانگیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سکھ برادری کے ساتھ تقریبات میں شامل ہونے کیلئے سری نگر اورپلوامہ میں2 گرودواروں کا دورہ کیا ۔منوج سنہا نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ سری گرو ہرگوبند صاحب جی کے پرکاش پرو پر مبارکباد۔ وہ قربانی، سماجی انصاف، ہمدردی اور عالمگیر بھائی چارے کا مجسمہ تھے۔انہوںنے کہاکہ آئیے ان کی تعلیمات سے تحریک لیں اور گرو جی کے مظہر کے طور پر سماجی مساوات اور بھائی چارے کے آدرشوں کے لیے خود کو وقف کریں۔شہرخاص کے عناواری علاقے میں چٹی پادشاہی گرودوارہ میں عقیدت مندوں نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ایک عقیدت مند جگبیر سنگھ نے کہاکہ شکتی کے بغیر بھکتی نہیں ہے اور بھکتی کے بغیر شکتی نہیں ہے (طاقت کے بغیر، کسی کو وقف نہیں کیا جا سکتا، اور عقیدت کے بغیر، کسی میں طاقت نہیں ہو سکتی)۔انہوں نے کہا کہ گرو ہرگوبند سنگھ کئی جنگی تکنیکوں میں ماہر تھے اور انہوں نے ہر قسم کے ظلم کے خلاف جنگ لڑی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھوں کے چھٹے گرو شہنشاہ جہانگیر کے ساتھ کشمیر آئے تھے۔ سکھوں کے کل10 گرو ہیں۔گرودوارے کے ہیڈ ممبر بھائی ہربنس سنگھ نے کہا کہ گرو کا پیغام خدا سے جڑنا اور پورے دل سے عبادت کرنا ہے۔گرو ہرگوبند سنگھ نے تمام بنی نوع انسان کی بہتری اور خوشحالی کے لیے دعا کی، بھائی ہربنس سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ہمیں بغیر کسی تعصب کے سب کا احترام کرنا سکھایا۔انہوں نے کہا کہ گرو ہرگوبند سنگھ1616 کے قریب کشمیر آئے اور چیچک میں مبتلا کشمیر کے لوگوں کے علاج کے لیے خود کو وقف کر دیا۔ایک اور عقیدت مند جے بی سنگھ نے کہا کہ سکھ گرو کی یوم پیدائش منانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ عقیدت کے ساتھ گرودوارہ آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کا پیغام ملک کے لیے بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں