برف وباراں کاسلسلہ دوبارہ شروع
آج بھی بارش اور برف باری کاامکان :محکمہ موسمیات
نیوزسروس
سری نگر:۰۱، فروری: پیش گوئی کے برعکس جمعہ کوبعددوپہرتک موسم خشک رہنے کے بعد سہ پہر سے کشمیروادی میں بارشوں اور برف باری کاسلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔سری نگر سمیت بیشتر میدانی علاقوںمیں بارشوں اور بالائی مقامات پر برف باری کاسلسلہ جاری ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر میں الگ تھلگ مقامات پر بارش اور برف باری ہونے کاامکان ہے ۔ جمعرات کودن بھر میدانی وبالائی علاقوںمیں بارشوں اور برف باری کاسلسلہ جاری رہنے کے بعد رات دیر گئے اچانک موسم میں بہتری آئی اور بیشتر مقامات پر برف وباراں کاسلسلہ رُک گیا۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سری نگر سمیت بیشتر میدانی علاقوںمیں موسم خشک رہنے کے بعد جمعہ کی صبح کشمیرمیں دھوپ نکل آئی ،جو بعددوپہرتک چھائی رہی جبکہ اس دوران آسمان پر بادل بھی چھائے رہے ۔جمعہ کوبعددوپہر بادلوںکاجماﺅ گہرا ہونے کے بعد سری نگر سمیت کشمیر کے بیشتر میدانی علاقوںمیں بارشوں اور گلمرگ سمیت کئی بالائی مقامات پر برف باری کاسلسلہ پھر سے شروع ہوگیا۔تاایں دم برف وباراں کاسلسلہ جاری تھا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے جمعہ کو کہا کہ جموں وکشمیر میں جزوی طور پرمطلع ابر آلود رہنے کے بعد جمعہ کودوپہرکے بعدکئی علاقوںمیں برف وباراں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں ڈویڑن میں جزوی طور پرمطلع ابر آلود رہنے کے بیچ کہیں کہیں بارشوں اور کشمیر ڈویڑن میں الگ تھلگ مقامات پر بارش وبرفباری کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر میں بارش اور برف باری ہوئی۔جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات ریکارڈکئے گئے درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہاکہ سری نگر میں دوران شب کم سے کم پارہ0.7، پہلگام میں منفی0.3 اور گلمرگ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔