ابتک زائداز50ہزار یاتری گھپامیں سجدہ ریز
جموں سے مزید6107یاتری بدھ کو بیس کیمپوں میں وارد
نیوزسروس
سری نگر:۵،جولائی:حکام نے بدھ کی صبح بتایا کہ آج6000 سے زیادہ امرناتھ یاتریوں کا چھٹا قافلہ بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے کشمیر میں قائم بال تل اورنون ون نامی جڑواں بیس کیمپوں کے لئے روانہ ہوا۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ صبح کے وقت بال تل اورنون ون بیس کیمپوں سے مزید7000کے لگ بھگ یاتریوںکے 2قافلے سطح سمندر سے3880بلندی پرواقع امرناتھ گھپا میں شیولنگم کا درشن کرنے کیلئے روانہ ہوگئے جبکہ مزید سینکڑوں یاتری ہیلی کاپٹرسروس کے ذریعے امرناتھ گھپا میں حاضری کیلئے پہنچیں گے ۔جے کے این ایس کومعلوم ہواکہ جنوبی کشمیرکے سیاحتی مقام پہلگام کے مضافاتی پہاڑ پر سطح سمندر سے 3880میٹر اونچائی پرواقع امرناتھ گھپا کے گردونواح میں یاتری کا بھاری رش ہے اور یہاں موجود خیمہ بستیوںمیں میلے کا جیسا سماں ہے ،کیونکہ روزانہ ہزاروں یاتری شیولنگم کادرشن کرتے ہیں ،اور ہزاروں نئے یاتری یہاں پہنچ جاتے ہیں ۔حکام نے بتایاکہ امرناتھ گھپا کی جانب جانے والے دونوں راستوں کیساتھ ساتھ امرناتھ گھپا کی حدودمیں یاتریوں کیلئے خصوصی لنگر لگائے گئے ہیں ،طبی سہولیات بہم رکھی گئی ہیں ،اور کسی یاتری کے بیمار ہونے کی صورت میں اُس کوبال تل اور چندن واڑی پہلگام میں قائم اسپتالوںمیں منتقل کرنے کیلئے فوری ہیلی کاپٹرسروس بھی دستیاب رکھی گئی ہے ۔حکام نے بتایاکہ 62روزہ امرناتھ یاترا کے پہلے 5دنوںمیں امرناتھ گھپا میں حاضری دینے والے یاتریوںکی تعداد50ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ،تاہم انہوں نے کہاکہ یاترا کے اولین دنوںمیں یہاں بھاری رش رہتا ہے ،جس میں بعدازاں بتدریج کمی آتی ہے ۔حکا م نے بتایاکہ امرناتھ یاترا میں روزانہ ہزاروں یاتریوںکے شامل ہونے کی ایک بڑی وجہ سازگار موسمی صورتحال ہے ،کیونکہ اچھے موسم میںیاتریوں کو یہاں پہنچنے میںکسی دقعت کاسامنا نہیں کرناپڑتاہے ۔اس دوران جموں میں حکام نے بتایاکہ بدھ کی صبح یہاں سے 6000سے زیادہ یاتریوںکے2قافلے کشمیرکی جانب روانہ ہوئے ۔انہوںنے بتایاکہ بدھ کو صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے6107یاتری،جن میں1203خواتین،193مرداور31بچے شامل ہیں ،244گاڑیوںمیں کشمیر کی جانب روانہ ہوئے ،جن میںسے 3929یاتری پہلگام پہنچیں گے جبکہ باقی2178یاتریوںکی پہلی منزل بال تل ہے ۔حکام نے بتایاکہ 30جون سے5جولائی تک بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے کل30ہزار269یاتری ،کشمیرکی جانب روانہ ہوئے ہیں ،جن میں سے بیشتر نے امرناتھ گھپا میں حاضری دی ہے ۔خیال رہے یکم جولائی کوشروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا2023،31اگست کواختتام پذیر ہوگی ۔