لشکر سے وابستہ2مقامی ہائبرڈملی ٹنٹ گرفتار
ایک پستول، میگزین،گولیاں اور ایک دستی بم برآمد:پولیس
نیوزسروس
بارہمولہ:۲، اگست:بارہمولہ پولیس نے فوج اور فورسزکیساتھ ایک مشترکہ کارروائی میں آزاد گنج علاقے میں لشکر کے2ہائبرڈملی ٹنٹوں کو اسلحہ وگیولیوں سمیت گرفتار کیا ۔ پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ قصبہ بارہمولہ میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بارے میں ایک خاص اطلاع پر جو کہ آنے والے یوم آزادی 2023 کے پیش نظر قصبہ میں دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں، بارہمولہ پولیس کی جوائنٹ فورس، سی آر پی ایف کی53ویں بٹالین اور آرمی کی46 آر آر نے آزاد گنج اولڈ ٹاو ن بارہمولہ میں ایک ناکہ پارٹی کو تعینات کردیا۔ پولیس کے مطابق اس دوران آزاد گنج بارہمولہ کی طرف آنے والے2 مشتبہ افراد نے مشترکہ ناکہ پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں حکمت کے ساتھ پکڑ لیا گیا۔ان کی ذاتی تلاشی کے دوران ان کے پاس سے ایک پستول، ایک پستول میگزین، 4 زندہ پستول کے راو نڈ اور ایک دستی بم برآمد ہوا اور انہیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔ جن کی شناخت بعد میں فیصل مجید گنائی ولد عبدالمجید ساکنہ بنگلہ باغ بارہمولہ اور نورالکامران گنائی ولد محمد اکبرساکنہ باغ اسلام اولڈ ٹاو ن بارہمولہ کے طور پر ہوئی۔پولیس نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں افراد ہائبرڈ دہشت گرد ہیں اور کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ہیں اور انہوں نے آنے والے یوم آزادی کے پیش نظر قصبہ بارہمولہ میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کےلئے اسلحہ اور گولہ بارود اکٹھا کیا تھا۔ملزمان کیخلاف انڈین آرمس ایکٹ اور یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔