یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے پر زور
یواین آئی
جموں:۹،اگست :جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے بدھ کے روز یوم آزادی کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطرایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں فوج ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے آفیسران اور سیول انتظامیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔میٹنگ دوران اے ڈی جی پی نے آفیسران پر زور دیا کہ ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈرون مخالف اقدامات ، سرحدوں پر فوج کی تعیناتی اور حساس تنصیبات کے اردگرد اضافی فورسز کی تعیناتی ناگزیر ہے۔ اطلاعات کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ کی سربراہی میں بدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فوج ، سی آر پی ایف اور سیول انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی نے جموں شہر میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔میٹنگ میں شریک تمام آفیسران نے اے ڈی جی پی کو جموں صوبے میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور ابھرتے ہوئے خطرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع نے بتایا کہ اے ڈی جی پی نے حساس علاقوں میں ناکوں کا جال بچھانے، مشکوک افراد پر نظر گزر رکھنے پر زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ یوم آزادی کے ساتھ ساتھ ہمیں جاری امر ناتھ جی یاترای کے پر امن انعقاد کو بھی یقینی بنایا ہے۔ اے ڈی جی پی نے میٹنگ کے دوران آفیسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے اور ہیومن انٹیلی کو بروئے کار لانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کریں۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران خط پیر پنچال کی سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔