552

جموں و کشمیر میں سبھی طبقے قومی ترقی کے فوائدسے لطف اندوز ہونے کے مستحق: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

جامع اور مساوی معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں
مودی جی کے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر کےساتھ سماج کے ہر طبقے کی شمولیتی ترقی کےلئے پرعزم
نیوزسروس

سری نگر:۱۲، فروری:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ ان کی انتظامیہ ایک جامع اور مساوی معاشرے کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے تاکہ سبھی قومی ترقی کے فوائد سے لطف اندوز ہوں۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا،بدھ کی صبح راج بھون جموںمیں پڈاری قبیلے کے 20 رکنی وفد کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے، جس نے اُن سے ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقعہ پرکہاکہ ہماری کوشش ایک جامع اور مساوی سماج کی تشکیل، پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ قومی ترقی کے فوائد سے لطف اندوز ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر کے ساتھ سماج کے ہر طبقے کی شمولیتی ترقی کےلئے پرعزم ہیں۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر سنیل شرما کی قیادت میں وفد نے پڈاری قبیلے کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کےلئے وزیر اعظم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔وفد کے ارکان نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے نے کمیونٹی کے سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار ہونے کی راہ ہموار کی ہے اور اس سے قبیلے کے لیے جموں و کشمیر اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہوگا۔بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے حال ہی میں جموں و کشمیر میں 4 مزید برادریوں’ گڈا برہمن، کولی، پڈاری قبیلہ اور پہاڑی نسلی گروہ‘ کو درج فہرست قبائل (STs) کی فہرست میں شامل کیا ہے۔12 فروری کو، ایک الگ پہاڑی برادری اور دیگر پسماندہ طبقے (OBC) کے وفود نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں