صندوق اور بندوق کا فرق واضح
لوگوں کوبندوق اور پتھر پریقین نہیں، ووٹ کو مطالبات منوانے کےلئے بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں
امن کو برقراررکھنا اور جموں و کشمیر کو نئی بلندیوں تک پہنچانانوجوانوں کا فرض :لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا
نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے لوگ اور طاقتیں امن کو ہضم نہیں کر سکتے،جموں و کشمیر میں پرامن ماحول قائم
نیوزسروس
سری نگر:۲ ،اکتوبر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک دہائی کے بعد منعقد ہونے والے حال ہی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کرکے ریکارڈ تعداد میں سامنے آنے کےلئے جموں و کشمیر کے لوگوں اورخاس کرکشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ کشمیر کے لوگ سمجھ گئے ہیں کہ کشمیر کی طاقت ووٹ ہے اور بندوق کی بے سودہے۔ گاندھی جینتی کے موقع پر راج بھون سری نگر میںمہاتما گاندھی (بابائے قوم) کے یوم پیدائش پرمنعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں تاریخی ووٹر ٹرن آو¿ٹ دیکھا گیا کیونکہ وہ پورے جموں وکشمیر میں انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اُمیدوار آدھی رات تک سیاسی ریلیوں اور روڈ شو میں مصروف رہے۔ امیدواروں کے ساتھ ساتھ ووٹروں میں بھی زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 40لاکھ لوگوں نے ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈال کر جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنی بڑی دلچسپی ظاہر کی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ نوجوان تمام کریڈٹ کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس الیکشن میں لوگوں نے دکھایا کہ وہ بندوق اور پتھر پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ووٹ کو اپنے مطالبات منوانے کےلئے بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کو گاندھی جی کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ بابائے قوم کو بہترین خراج عقیدت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ اس امن کو برقرار رکھیں اور جموں و کشمیر کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مزید کہاکہ کچھ لوگ نوجوانوں کو گمراہ کرتے رہتے ہیں اور یہ نئی نسل کا فرض ہے کہ وہ ایسے لوگوں اور ان کے عزائم کو شکست دیں۔انہوںنے کہاکہ یہ وہ لوگ ہیں جو امن کو ہضم نہیں کر سکتے اور برتن کو ابلتے رہنا چاہتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے ایسی طاقتوں کو شکست دینا ہے کیونکہ وہ جموں و کشمیر میں امن کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں۔