1,151

بانڈی پورہ ضلع میںوادی گریز کے گیٹ وے رازدان پاس پر بدھ کی صبح ہلکی برف باری

آنے والے موسم سرما کا پیش خیمہ
آج صبح تک شمالی اوروسطی کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان:موسمیاتی مرکز
نیوزسروس

سری نگر:۳۲،اکتوبر: بانڈی پورہ ضلع میں وادی گریز کےلئے خوبصورت گیٹ وے رازدان پاس پر بدھ کی صبح ہلکی برف باری ہوئی، جو آنے والے موسم سرما کا پیش خیمہ ہے۔ موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی صبح وادی گریز کے رازدان پاس علاقے میں ہلکی برف باری شروع ہوئی ،جو کچھ وقت تک جاری رہی ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ہلکی ہلکی برف باری نے رازدان پاس کو سفید رنگ میں ڈھانپ دیا، جس سے مقامی لوگوں اور سیاحوں کےلئے وادی کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ برف باری کے باوجود گریز بانڈی پورہ روڈ پر ٹریفک بدستوررواں دواں ہے۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ راستہ اب بھی کھلا ہے۔ 6، اکتوبر کو ہونے والی زیادہ اہم برفباری کے بعد یہ وادی گریز میںسیزن کی دوسری برف باری کا نشان ہے۔مقامی اہلکار سڑک کی حالتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ یہ علاقہ سخت سردیوں کے موسم کا شکار ہے جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رکاوٹوں سے بچنے کے لئے موسم اور سڑک کے حالات سے باخبر رہیں۔اگرچہ برف باری کا استقبال سردیوں کے قریب آنے کی علامت کے طور پر رہائشیوں نے کیا ہے، وہ ممکنہ چیلنجوں کے بارے میں محتاط رہتے ہیں کیونکہ آنے والے ہفتوں میں بھاری برف باری متوقع ہے۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگرنے بدھ کو ایک بیان میں بتایاکہ بدھ کو دیررات سے جمعرات کی صبح تک شمالی کشمیر اور سونہ مرگ کے اونچے علاقوں میں بہت ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔جبکہ 25سے27اکتوبرتک موسم عام طور پر خشک رہنے کے بعد 28اکتوبرکی شام سے29اکتوبرکی رات تک شمالی اور وسطی کشمیر کے اونچے حصوں پر بہت ہلکی بارش وبرفباری کا امکان ہے۔موسمیاتی مرکز سری نگرکے مطابق 30اکتوبر سے3نومبر تک کشمیر وادی اور دیگرعلاقوںمیں موسم عام طور پر خشک رہنے کاامکان ہے ۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ فصلوں اورمیوﺅںکٹائی واُترائی جاری رکھیں، کاٹی ہوئی فصلوں کو محفوظ ذخیرہ کریں اور فارم کے دیگر کام کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں