8کلو ہیروئین برآمد
بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 32 کروڑ روپے
کرناہ کپوارہ کے 2اسمگلر گرفتار ،ٹاٹاسوموگاڑی ضبط
درپردہ اور آگے کے روابط کی چھان بین شروع:SSP سری نگر
نیوزسروس
سری نگر:۸، جنوری:منشیات کے دھندے اور استعمال کے بڑھتے رُجحان کے بیچ سری نگر پولیس نے سرحدی علاقے کرناہ سے سری نگر پہنچائی گئی ہیروئین کی ایک بڑی کھیپ کو ضبط کرکے ایک بڑی کامیابی پائی ۔منگل کی شام سری نگر پولیس کی ایک ٹیم نے برتھنہ قمرواری میں ایک ٹاٹا سوموگاڑی اوراس میں سوار مشتبہ افرادکی تلاشی لینے کے دوران تقریباً32کروڑ روپے مالیت کی 8کلو گرام ہیروئین برآمد کرکے ضبط کرلیا ۔ سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر امتیاز حسین نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس چوکی قمرواری کی ایک پولیس ٹیم نے معمول کی چوکی کے دوران برتھنہ قمرواری کراسنگ پر ایک ٹاٹا سوموزیررجسٹریشن نمبر JK05D-1837 کو روکا۔انہوںنے کہا کہ پولیس کی ٹیم کو ٹاٹاسومو گاڑی کی تلاشی لینے پر ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے چھپائی گئی 6کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ مزید برآں، مشتبہ افراد کی ذاتی تلاشی کے دوران2 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی، ہر ایک پولی تھین بیگ میں ایک کلو گرام ہیروئن تھا۔ایس ایس پی سری نگر امتیاز حسین نے بتایاکہ گرفتار افراد کی شناخت انس اعجاز اعوان ولد اعجاز احمد اعوان ساکنہ دلدار ٹنگڈار کپواڑہ اور زاہد احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن چنی پورہ، ٹنگڈار، کپواڑہ کے طور پر کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ قبضے میں لی گئی منشیات اور منشیات اسمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والی ٹاٹاسومو گاڑی کو بطور ثبوت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ پارم پورہ سری نگرمیں ایف آئی آر نمبر 03/2025/2025 اورNDPS ایکٹ کی دفعہ 8/21اور29 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔سینئرسپر انٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر کا پریس کانفرنس کے دوران کہناتھا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ منشیات کی کھیپ کو سرحد پار منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے حصے کے طور پر پاکستان سے اسمگل کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی امتیازحسین نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 32 کروڑ روپے ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر پولیس اس سنڈیکیٹ یانیٹ ورک کو ختم کرنے اور اس میں ملوث تمام افراد کی شناخت کےلئے درپردہ اور آگے کے روابط کی چھان بین کر رہی ہے۔ ایس ایس پی سری نگر امتیاز حسین نے مزید بتایاکہ ہم منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے اورکیمونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم میں پرعزم ہیں۔ ایس ایس پی موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔سری نگر پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے پاک معاشرے کے لیے اپنے مشن کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا 112 پر ڈائل کرکے دیں۔قابل ذکر ہے کہ یہ اپریل2023کے بعد سرحدی علاقے کرناہ سے سری نگر منشیات اسمگل کرکے یہاں سے آگے پہنچانے والے اسمگلروں کیخلاف دوسری بڑی کارروائی ہے۔6اپریل 2023میں راجباغ پولیس نے کرسوعلاقے میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران یہاں بطورکرایہ دار مقیم کرناہ کے رہنے والے 2افرادسجاد احمد اور ظہیراحمدکو70کروڑروپے مالیت کی11کلوگرام ہیروئین سمیت گرفتار کیاتھا جبکہ ملزمان کے کرایہ کمرے سے موقعہ پرپولیس کی ٹیم نے 11لاکھ 82 ہزار500روپے نقدی رقم برآمد کرکے ضبط کی تھی ۔