کچھ اخبارات کو سرکاری اشتہارات روکنے کی اسمبلی میں گونج
نیوزسروس
سری نگر:۰۲، مارچ:ممبراسمبلی شوپیاں شبیر احمد کلے نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں جموں و کشمیر کے کچھ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کی معطلی پر سوال اٹھایا۔جے کے این ایس کے مطابق وزیر اعلیٰ کے ماتحت محکموں کے لئے گرانٹ کے مطالبات پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے، ممبراسمبلی نے کہا کہ تین اخبارات گریٹر کشمیر، کشمیرٹائمز اور کشمیرریڈر کو پچھلے سات سالوں سے سرکاری اشتہارات روکے گئے ہیں۔ شبیراحمد کلے نے اشتہارات جاری کرنے میں حکومت کی طرف سے اپنائے گئے معیار پر وضاحت طلب کی۔ انہوںنے دعویٰ کیاکہ چند سو کاپیوں کے سرکولیشن والے اخبارات اشتہارات وصول کر رہے ہیں، جب کہ گریٹر کشمیر جیسے قائم شدہ اور وسیع پیمانے پر پڑھی جانے والے اخبار کو سرکاری اشتہارات معطل رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے ایوان کے باہر گریٹر کشمیر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر کشمیر کو اپنا ایک ادارہ ہے،اوراس اخبار سمیت کچھ اخبارات کو اشتہارات روکناباعث تشویش ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کی اشاعت، دوسروں کے ساتھ، مختص کرنے کے عمل کے معیار اور شفافیت پر سنگین خدشات پیدا کرتی ہے۔ ممبراسمبلی شبیراحمد کلے نے کہا کہ جموں اور کشمیر میں بڑے کارپوریٹ ہاو¿سز کی عدم موجودگی میں، اخبارات کو سرکاری اشتہارات پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی معطلی آزاد صحافت پر حملہ ہے۔