جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کو بھیجی گئیں:وزیرتعلیم سکینہ اِیتو
انفو
جموں/۰۲،مارچ:وزیر برائے سکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ایوان کو بتایا کہ 10پلس2 لیکچرروں کی 594 اَسامیاں 27 شعبہ جات کے لئے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) کو حال ہی میں بھرتی کے لئے بھیجی گئی ہیں۔ اِس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر کے ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سبجیکٹ مخصوص اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا ہے۔وزیر موصوفہ ایوان میں آج رُکن اسمبلی معراج ملک کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے مختلف ہائیر سیکنڈری سکولوں میں 367 لیکچرروں کی اَسامیاں خالی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 2024-25 ءکے تعلیمی سیشن کے دوران 140 کلسٹر ریسورس کوآرڈی نیٹروں( سی آر سیز) کو عارضی بنیادوں پر مخصوص مضامین پڑھانے کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد سماگراہ شکھشا کے ساتھ مشاورت سے نئی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گاجو کہ مرکزی وزارتِ تعلیم سے دستیاب گرانٹس پر منحصر ہوگا۔وزیر تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے ہائیر سیکنڈری سکولوں میں لیکچرروںکو بڑھانے کے لئے ریشنلائزیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے تاکہ ان سکولوں کی شناخت کی جا سکے جہاں تدریسی عملہ کم ہے اور وہاں اضافی سٹاف کی تعیناتی یقینی بنائی جا سکے۔