1,465

گلمرگ فیشن شو،شہری ہلاکتوں،سوپورکے نوجوان کی گمشدگی اوردیگر معاملات

ممبراسمبلی سوپورارشاد رسول کار نے کی ایوان میں آوازبلند
ایوان کی چاہ میں آنے کی کوشش،مارشلوں اور اسمبلی کی سیکورٹی نے روکا
الطاف حسین
جموں :۰۱ ،مارچ:پہلی مرتبہ ایوان نمائندگان کیلئے منتخب ہوئے ممبراسمبلی سوپور ارشاد رسول کارنے پیرکو قانون ساز اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس کے ساتویں روز گلمرگ فیشن شو،شہری ہلاکتوں،سوپورکے نوجوان کی دہلی میں گمشدگی اوردیگر معاملات کو بھرپور انداز میں اُٹھاتے ہوئے سوال کیاکہ کیا ژنڈسنگرامہ سوپور،کٹھوعہ اور دیگر علاقوںمیں حالیہ کچھ وقت کے دوران ہونے والی ہلاکتیں سیکورٹی لیپس کا نتیجہ نہیں ۔انہوںنے سوال کیاکہ جب میں اور معزز وزیر جاوید احمد ڈار نے بہوری پورہ سوپورکے نوجوان ٹرک ڈرائیور(جس کو فوجیوںنے مبینہ طور پر اشارے کے باوجود نہ رکنے پر گولیوںکا نشانہ بناکر ابدی نیندسلادیا تھا)کے لواحقین سے تعزیت کیلئے جاناچاہتے تھے ،تو ہمیں وہاں جانے سے روکاگیا اور تعزیت کیلئے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہوںنے کہاکہ اب اسی طرح کا رویہ نائب وزیراعلیٰ کیساتھ بھی روارکھاگیا ،جن کو کٹھوعہ کے تین شہریوںکی تعزیت پُرسی کیلئے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور حیرت انگیز طور پراپوزیشن لیڈر سنیل شرماکووہاں بغیرکسی روک کے جانے دیاگیا ۔ارشاد رسول کارنے سوال کیاکہ یہ دوہرا معیار کیوں ہے اوراس کیلئے کون جواب دہ ہے ۔ممبراسمبلی سوپورنے اپنے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کاروباری کی دہلی میں 16فروری سے پُراسرار گمشدگی کا معاملہ ایوان میں اُٹھاتے ہوئے کہاکہ اس معاملے میں کوئی مداخلت کیوں نہیں کی جارہی ہے ۔انہوںنے سوپور کے لاپتہ نوجوان کاروباری نذیراحمدشاہ کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ۔ ممبراسمبلی سوپور نے گلمرگ فیشن شوکو جموں وکشمیر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی ایک مذموم حرکت سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنی پیروار کو فحاشی کا مرکز بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔ارشاد رسول کارنے کہاکہ کشمیر ولیوں ،صوفیوں ،بزرگان دین اور سنتوںکی سرزمین ہے اور یہاں فحاشی پھیلانے کی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی ۔اس دوران بھاجپا ممبران کے شورشرابے کے بیچ ممبراسمبلی ارشادرسول کارنے اپنا احتجاج درج کرانے کیلئے ایوان کی چاہ میں آنے کی کوشش بھی کی لیکن مارشلوں اوراسمبلی کی سیکورٹی نے اُنھیں ایسا کرنے سے روکا ۔فیشن شواورشہری ہلاکتوں جیسے معاملات پر جن دیگرممبراسمبلی نے ایوان میں آوازبندکی ،اُن میں ممبراسمبلی کنگن مہرعلی ،ممبراسمبلی کپوارہ میرفیاض اور ممبراسمبلی پلوامہ وحیدالرحمان پرہ بھی شامل ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں