6 جون کوشرمندہ تعبیرہونے کاامکان
وزیر اعظم نریندرمودی پہلی ٹرین کو دکھائیں گے ہری جھنڈی
کٹرا اسٹیڈیم میں بڑی عوام ریلی سے خطاب،انتظامات کو حتمی شکل
ضرورت پڑنے پر امرناتھ یاتریوں کیلئے اضافی ریل گاڑیاں چلانا زیر غور
نیوزسروس
سری نگر :۲،جون: وزیر اعظم نریندر مودی ممکنہ طور پر 6جون کو ماتا ویشنو دیوی مندرکے بیس کیمپ کٹرا سے کشمیر کےلئے براہ راست ٹرین خدمات کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد وندے بھارت ٹرین کٹرا اور بارہمولہ کے درمیان چلنا شروع ہو جائے گی۔ سرکاری عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے ایک میڈیارپورٹ میں اسبات کی تصدیق کی گئی ہے کہ کشمیر کےلئے ٹرین خدمات شروع کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور وزیر اعظم6 جون کو وادی کے لئے پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا سکتے ہیں۔کشمیرکیلئے براہ راست ٹرین سروس کا آغاز19 اپریل کو ہونا تھا لیکن اس دن کی پیش گوئی کی گئی خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر اسے ملتوی کر دیا گیا۔ مزید تاخیر 22 اپریل کو پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوئی ۔کشمیرکیلئے براہ راست ٹرین سروس عین اسوقت شروع کی جارہی ہے،جب 3جولائی سے سالانہ امرناتھ یاتراشروع ہوگی ،جو9اگست تک جاری رہے گی ،اور ٹرین سروس امرناتھ یاترامین شامل ہونے والے ہزاروںیاتریوں کیلئے آرام دہ اور محفوظ ثابت ہوسکتی ہے،، خاص طور پر جب اس سیزن میں ابتدائی اور بھاری مانسون کی اطلاعات ہیں جو رام بن اور بانہال کے کمزور حصوں کے درمیان جموں سری نگر قومی شاہراہ کی ناکہ بندی کا باعث بن سکتی ہیں۔سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ ریل ٹریک کھولنے سے امرناتھ جی کے مسافروں کی کٹرا سے سری نگر تک نقل و حرکت آسان ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر یاتریوں کے رش کو دُور کرنے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی جا سکتی ہیں خاص طور پر سری نگرجموں قومی شاہراہ بندہونے کی صورت میں ۔فی الحال، حکام کے مطابق، کٹرا اور بارہمولہ کے درمیان صرف وندے بھارت ٹرین کے چلنے کی امید ہے۔وزیر اعظم نریندرمودی کٹرہ سے بارہمولہ اور عملی طور پر بارہمولہ سے کٹرہ تک ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ وہ کٹرا اسٹیڈیم میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریل پل اور ریاسی ضلع میں ریلوے ٹریک پر پہلے کیبل اسٹیڈ پل کا دورہ کریں گے اور کٹرا سے ٹرین خدمات کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یہ ٹرین کٹرہ سے بارہمولہ تک چلے گی۔ تاہم، جموں ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم کی تعداد میں اضافے سمیت توسیعی کام کی تکمیل کے بعد غالباً اگست،ستمبر میں، وادی کے لیے ٹرین جموں سے چلائی جائے گی ۔حکام نے واضح کیاہے کہ فی الحال دہلی یا کسی دوسرے حصے سے کشمیر کےلئے کوئی سیدھی ٹرین نہیں جائے گی۔ مسافروں کو کٹرا میں اتر کر ٹرین کو تبدیل کرنا پڑے گا۔ بعد میں یہی عمل جموں منتقل ہو جائے گا۔انہوںنے کہاکہ کٹرہ سے بارہمولہ تک ٹرین کے کئی ٹرائلز کامیاب ہوئے ہیں جن میں وندے بھارت ٹرین بھی شامل ہے۔ آپریشن سندور کے دوران، فوج کے جوانوں کو لے جانے والی ٹرین بھی سری نگر تک ٹریک پر چلائی گئی۔حکام کے مطابق پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعدریلوے ٹریک کا تازہ سیکورٹی آڈٹ کیا گیا اور تمام مسائل کو مزید پولیس اہلکاروں کی تعیناتی اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ حل کیا گیا ہے۔
