روایتی بھائی چارے کی جیتی جاگتی مثال
مقامی مسلمان، پنڈتوںکی مہمان نوازی کیلئے تیار، ،گھروںکی صاف صفائی
ٹکر لولاب کپوارہ ،منزگام کولگام اورلوگری پورہ اننت ناگ بھی میلے کیلئے تیار
نیوزسروس
سری نگر :۲،جون:آج یعنی 3جون بروز منگل کو منائے جانے والے میلہ کھیربھوانی کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں جبکہ سیکریٹری صحت اور طبی تعلیم، ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے پیرکوتولہ مولہ گاندربل کا دورہ کرکے یہاں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اُدھراتوارکے روز بڑی تعداد جموں سے کشمیرکی جانب روانہ ہونے والے پنڈت عقیدت مندیہاں پہنچ گئے اور وہ یہاں تولہ مولہ گاندربل کے علاوہ ٹکر لولاب کپوارہ ،دیوسرمنزگام کولگام اورلوگری پورہ اننت ناگ میں واقع مندروںمیں حاضری دیکر میلہ کھیربھوانی میں شرکت کریں گے ۔ وسطی کشمیرکے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع کھیربھوانی یاراگنیادیوی مندر میں 3جون کو میلہ کھیربھوانی منعقد ہوگا۔ہرسال ہزاروںکی تعدادمیں کشمیری پنڈت اور دیگرہندﺅ برادری سے وابستہ مردوزن اوربچے اس میلے میں شرکت کرکے دیوی راگنیاکے تئیں اپنی عقیدت کااظہار کریں گے ۔منگل کو منائے جانے والے سالانہ میلہ کھیربھوانی سے ایک دن قبل پیرکے روز سیکریٹری صحت اور طبی تعلیم، ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے تولہ مولہ گاندربل کا دورہ کرکے یہاں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے کہا کہ اس تقریب کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق جامع تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ سیکریٹری صحت اور طبی تعلیم نے کہاکہ محکمہ صحت نے کسی بھی طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب طبی عملہ اور سہولیات کو جگہ پر تعینات کیا ہے۔ ایمبولینسز، موبائل میڈیکل یونٹس، اور ابتدائی طبی امداد کے مراکز پوری طرح سے لیس اور کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈت، سیکرٹریٹ ملازمین، اور کئی این جی اوز میلے کی کامیابی کو یقینی بنانے میں قابل ستائش کردار ادا کر رہے ہیں۔ عقیدت مندوں کے لیے پرامن اور روحانی طور پر افزودہ تجربہ فراہم کرنے میں ان کا تعاون اہم ہے۔ ادھر تولہ مولہ گاندربل میں میلے کاسماں ہے جبکہ یہاں کے مقامی مسلمانوںنے اپنے کشمیری پنڈت بھائی بہنوںکی مہمان نوازی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔گھروں کی صاف صفائی کیساتھ ساتھ پنڈت بھائی بہنوں کیلئے کمروں کو سجایاگیاہے اورمختلف روایتی کشمیری پکوان بنانے کیلئے بھی سامان گھروںمیں رکھاگیاہے۔کھیربھوانی مندر سے متصل تولہ مولہ بازار کو مقامی تاجروںنے خوب سجالیاہے اور یہاں شام کے وقت جگماتی روشی کا بھی خاص انتظام کیاگیا ہے۔
