بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کااظہار
یواین آئی
نئی دہلی:22جون: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے بات کی۔ اس دوران مودی نے سفارت کاری کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ ایران کے تنازعہ کو فوری طور پر کم کرنے پر زور دیا۔مودی اور پیزشکیان کے درمیان فون پر بات چیت صرف چند گھنٹے بعد ہوئی جب امریکہ نے ایران میں تین جوہری مقامات پر بمباری کی جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوگیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مودی نے کہا کہ انہوں نے حالیہ کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔مودی نے کہا کہ ایران کے صدر @drpezeshkian کے ساتھ بات ہوئی۔ ہم نے موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر کشیدگی میں کمی، مذاکرات، سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن، سلامتی و استحکام کی جلد بحالی کے لیے امید ظاہر کی۔واضح رہے کہ امریکہ نے ایران کے 3 نیوکلیئر سائٹس پر حملہ کرنے کا اعلان کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کی 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیابی کے ساتھ حملہ کیا ہے اور فردو ایٹمی تنصیب مکمل
طور پر تباہ کردی گئی ہے۔ ایران پر امریکی حملہ کے بعد علاقہ میں حالات اور کشیدہ ہوگئے اور جنگ میں مزید شدت آگئی۔
