781

کشمیر کے 3پارلیمانی حلقوں میں 13،20اور25مئی کو عام انتخابات

پُرامن انعقاد کےلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات
بین الاضلاع چیک پوائنٹس کو ترجیح ،الیکشن کمیشن آف انڈیا رہنما خطوط کے مطابق حفاظتی دستوں کی تعیناتی:آئی جی پی کشمیروی کے بردھی
نیوزسروس

سری نگر :۰۱ ،مئی: 13،20اور25مئی کو کشمیر کے 3پارلیمانی حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون ودی کے بردھی نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر انتخابات کےلئے وسیع حفاظتی انتظامات کے پیش نظربین الاضلاع چیک پوائنٹس اور علاقے کے تسلط کے طور پر احتیاط سے کام لیا گیا ہے۔ آئی جی پی کشمیر وی کے بردھی نے یہاں سری نگر میں واقع اپنے دفتر کے چیمبر میں صحافیوں کے ایک منتخب گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے پرامن انعقاد اور ووٹرز کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کےلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی لازمی حفاظتی انتظامات کی ضرورت تھی، ان کا خیال رکھا گیا ہے۔آئی جی پی کشمیر نے کہا کہ پولیس نے مرکزی فورسز کے ساتھ مل کر بین الاضلاع چیک پوائنٹس کو اپ گریڈ کیا ہے اور علاقے کے تسلط کو مزید تقویت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون نے کہا کہ سیکورٹی کی تعیناتی الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مقررہ فارمیٹ کے مطابق کی گئی ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ ہم الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط پر عمل کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ حفاظتی انتظامات فول پروف ہوں۔آئی جی پی کشمیرزون ودھی کے بردھی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں امن دشمن عناصر کی سرکوبی کو یقینی بنانے کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں اور علاقے پر تسلط کو مزید تیز کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ سری نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابات پیر (13 مئی) کو ہونگے، اس کے بعد شمالی کشمیر اور جنوبی کشمیر کی 2پارلیمانی نشستوں پر بالترتیب20 مئی اور 25 مئی کو پولنگ ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں