سٹی ایکسپریس نیوز
سری نگر، 6 اکتوبر,2026: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت نے یونین ٹیریٹری کے ان علاقوں میں موبائل ٹاورز کی تنصیب کے لیے اراضی کی فراہمی کی منظوری دی ہے جہاں مواصلاتی سہولیات کی کمی ہے۔ خبر رساں ادار ہ کے مطابق، ‘ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ‘یونیورسل سروس اوبلیگیشن فنڈ’ کے تحت اوڑی، ٹنگمرگ، کرناہ، کلاکوٹ، کرالپورہ، بسنت گڑھ، کھور، لٹی ماروتھی، بانہال، پوگل پرستان، رامسو اور قلعہ درہال میں اراضی کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پورے جموں و کشمیر میں تیز رفتار ٹیلی کام کوریج کو وسعت دینا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اس اقدام سے دور دراز اور سرحدی دیہات میں رابطے کے نظام کو تقویت ملے گی، آن لائن تعلیم اور ای-گورننس خدمات تک رسائی میں مدد ملے گی، ہنگامی مواصلات میں بہتری آئے گی اور ڈیجیٹل تفریق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
