نئی دہلی، 22 اکتوبر,2026: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بی جے پی کی زیرِ اقتدار ریاستوں میں منشیات کی لعنت کے حوالے سے سوال کیا اور پوچھا کہ بہار، گجرات، راجستھان اور گوا میں اس مسئلے کا خاتمہ کیوں نہیں کیا گیا؟ منگل کو پنجاب کے دورے کے دوران، امیت شاہ نے کہا کہ انہیں اپنی زندگی میں کبھی اتنا گہرا دکھ نہیں ہوا جتنا کہ اس وقت ہوا جب وہ ریاست میں منشیات کی لعنت سے جڑے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملے۔ امیت شاہ نے پنجاب میں ‘عام آدمی پارٹی’ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ اقتدار میں آنے کے تین ماہ کے اندر منشیات کے کاروبار کو ختم کرنے کا وعدہ کرنے کے باوجود، اس پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں، کیجریوال نے پنجاب میں منشیات کی لعنت پر امیت شاہ کے تبصروں کا جواب دیتے ہوئے کہا، “امیت شاہ جی، بہار، گجرات، راجستھان اور گوا میں تو آپ کی اپنی حکومتیں ہیں۔ وہاں منشیات کی وبا کیوں ختم نہیں ہوئی؟ کیا ان ریاستوں کے لیے کوئی ڈیڈ لائن (مقررہ مدت) نہیں ہے؟” اپنے دورے کے دوران، امیت شاہ نے پنجاب کے عوام کو یقین دلایا کہ 31 دسمبر 2029 تک منشیات کے کاروبار کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے گرداس پور، سنگرور اور مانسا میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی اور بھگونت مان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سنگرور اور گرداس پور سے متعلق دو مقدمات تفتیش کے لیے سی بی آئی کے حوالے کر دیے جائیں۔ (ایجنسیاں)