نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سیکریٹری جنرل مارک روٹ نے چین، برازیل اور انڈیا سے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں جنگ روکنے کے لیے روس پر دباؤ ڈالیں ورنہ امریکی پابندیوں کے لیے تیار رہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر آئندہ 50 دنوں میں یوکرین کی جنگ پر کوئی امن معاہدہ نہ ہوا تو روس کو بھاری محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے روس سے تیل درآمد کرنے والے ممالک پر 100 فیصد اضافی محصولات عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
روٹ نے بدھ کو کہا تھا کہ ’انڈیا، چین اور برازیل کو ولادیمیر پوتن کو فون کرنا چاہیے اور ان سے کہنا چاہیے کہ وہ امن مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہو جائیں۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو ان تینوں ممالک کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘
