نئی دہلی، 20 اکتوبر,2026: وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر رہنماؤں نے منگل کے روز وجے دشمی کے موقع پر تمام شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم مودی نے ‘ایکس’ پر لکھا، “آپ سب کو وجے دشمی کی دلی مبارکباد۔ خوشیوں اور عقیدے سے بھرپور فتح کا یہ تہوار ہر ایک کے عزم کو نئی طاقت عطا کرے۔ میری دلی خواہش ہے کہ ہر فرد کی زندگی خوشیوں، خوشحالی اور کامیابی سے معمور ہو۔” امت شاہ نے ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں کہا، “یہ تہوار ہمیں فرض، راست بازی اور وقار کی راہ پر ثابت قدمی سے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ بھگوان شری رام کی کرپا سب کی زندگیوں میں خوشیاں اور نئی توانائی بھر دے۔ جے شری رام!” جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے پیغام میں کہا، “وجے دشمی کے مبارک موقع پر، میں آپ سب کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ وجے دشمی کا تہوار، جسے ملک کے مختلف حصوں میں دسہرہ اور درگا پوجا کے طور پر منایا جاتا ہے، برائی پر اچھائی، جھوٹ پر سچ اور ادھرم (ناحق) پر دھرم (حق) کی فتح کی علامت ہے۔” انہوں نے کہا کہ ‘مریادا پروشوتم’ بھگوان شری رام کی حیات ان لازوال خوبیوں کی بہترین مثال ہے اور ہمیں ایک نیک زندگی گزارنے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “یہ وجے دشمی، دسہرہ اور درگا پوجا سب کے لیے امن، خوشی اور خوشحالی لے کر آئے۔” وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی مہا نوومی اور دسہرہ کے مبارک مواقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو پرجوش مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تہوار سچائی، راست بازی اور برائی پر اچھائی کی فتح جیسی لازوال اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مبارک مواقع عوام کے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائیں گے اور جموں و کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بندھنوں کو مزید مضبوط کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان تہواروں کی روح سے تحریک حاصل کریں اور باہمی احترام، اتحاد اور پرامن بقائے باہمی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔