357

لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا کا بڑا اعلان

حکومت کو غریب صارفین کی بجلی بلوں کا خیال ،امیروں کو کوئی بخشش نہیں
سمارٹ میٹر نصب کرنے میں لوگ تعاﺅن کریں،بجلی پیداوار ہوگی دوگنی
نیوزڈیسک
کولگامجموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج نے پیر کو بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غریب آدمی کے بجلی بلوں کا خیال رکھے گی لیکن جن لوگوں کے پاس شیش محل،5۔جی انٹر نیٹ سروس کے ساتھ آئی فون اور دیگر آلات ہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ نرخ کے مطابق استعمال شدہ بجلی کے بل ادا کریں ۔لیفٹیننٹ گور نر نے جنوبی ضلع کولگام میں منی سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آج اعلان کرتا ہوں کہ حکومت ان غریبوں کا خیال رکھے گی جو بل ادا کرنے کے متحمل نہیں ہیں۔ لیکن جن کے پاس محلاتی مکانات ہیں، 5۔جی انٹرنیٹ ڈیٹا والے آئی فون اور دیگر آلات ہیں، انہیں اپنے استعمال کے مطابق بجلی کے بل ادا کرنے ہوں گے۔‘ ان کا کہناتھا کہ ’ انہیں کم از کم بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں بہانہ نہیں بنانا چاہئے“۔ تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ70 برسوںمیں جموں و کشمیر میں مقامی طور پر 3400 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی اور اگلے تین سالوں میں اتنی ہی میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ لیفٹیننٹ گور نر نے کہا کہ جہاں بھی کوئی فیڈر 100 فیصد میٹرڈ ہو، وہاں بجلی میں خلل ایک منٹ کے لیے بھی نہیں ہو گا، ایک گھنٹے یا اس سے زیادہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا’میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سمارٹ میٹر کی تنصیب کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔‘ منوج سنہا نے کہا کہ
جموں و کشمیر کے لوگوں کو دوسری ریاستوں کے مقابلے میں سب سے سستی بجلی مل رہی ہے۔ ان کا کہناتھا ’ہم نے پچھلے تین۔ چار برسوںمیں20ہزار کروڑ روپے کی بجلی باہر سے اُدھار لی ہے، یہ نہیں چلے گا، لوگوں کو استعمال کے مطابق بلوںکی ادائیگی کرنی چاہیے۔ان کا کہناتھا ’جموں و کشمیر کی ٹپوگرافی اور برف باری کے پیش نظر، کچھ پروجیکٹوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہمیں میراث میں دی گئی ہے اور ہم منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کی اس روایت کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘ کسانوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس وقت جموں و کشمیر کے کسانوں کی آمدنی پورے ملک میں پانچویں نمبر پر ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہمارے کسانوں کی آمدنی نمبر 1 ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں