1,463

حکومت سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی عملہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کوشاں

ٹیچروں،لیکچرارو ں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی خالی اسامیاں
جلدہی بھرتی عمل شروع کیاجائے گا، موثر اقدامات پرتوجہ مرکوز:وزیرتعلیم سکینہ ایتو
نیوزسروس

سری نگر:۳۱، نومبر :حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں بشمول اسکولوں اور کالجوںمیں تدریسی عملہ کی کمی کو پورا کرنے کاعزم ظاہر کرتے ہوئے بدھ کے روز اعلان کیاکہ شعبہ تعلیم میںٹیچروں،لیکچرارو ں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی خالی اسامیوںکوپُرکرنے کیلئے جلدہی بھرتی عمل شروع کیاجائے گا۔تعلیم،صحت وطبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتونے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی اونتی پورہ میں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشےے پرنامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ شعبہ تعلیم میں اساتذہ ،لیکچرارو ں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی بھرتی عمل میں لائی جائے گی ۔خاتون وزیرتعلیم کاکہناتھاکہ حالیہ برسوں میں بھرتی کے عمل میں کچھ مشکلات ہوئی ہیںلیکن اب بھرتی عمل کوہموارکرنے کی کوششیں جاری ہیں۔سکینہ ایتونے مزید کہاکہ حکومت شعبہ تعلیم میں تمام اہم اسامیوں کی بھرتی کوفوری طور پریقینی بناکر شعبہ تعلیم کو بہتربنانے کیلئے پُرعزم ہے ۔انہوںنے کہاکہ بھرتی عمل میں تیزی لانے کا مقصد تعلیمی اداروںمیں مدرسین یعنی تدریسی عملے کی کمی کو دور کرکے پورے نظام تعلیم کو راہ راست پرلاناہے ۔وزیرتعلیم نے نوجوانوںمیں منشیات کی لت اورنفسیاتی مسائل ایک بڑے چیلنج سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ عوام سے جڑے مسائل اور مشکلات کاسدباب کرنا حکومت کی اولین ترجیح اورکوشش رہے گی ،اوراس ضمن میں مسائل سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات پرتوجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت اور تعلیم میں نئی روح پھونکنے کی خاطر موجودہ سرکار کوشاں ہے۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ہسپتالوں میں اگر چہ کچھ خامیاں ہیں تاہم موجودہ سرکار انہیں دُور کرنے کرنے کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئےگی۔ اس سے قبل انہوں نے اسلامک یونیورسٹی کی کامیاب ترین اڑان پر یونیورسٹی عملہ کو مبارکباد پیش کی۔ تعلیم،صحت وطبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے گزشتہ دہائی کے دوران یونیورسٹی کی کامیابیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ برسوں کے دوران یونیورسٹی عملہ نے جس محنت اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔انہوں نے یونیورسٹی عملہ کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی طرح کی محنت اور لگن کو جاری رکھے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں