سٹی ایکسپریس نیوز
سری نگر،یکم ستمبر 2026: جموں و کشمیر کرائم برانچ کے ‘اکنامک آفنسز ونگ’ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے زمین پر قبضے اور جعل سازی کے ایک دہائی پرانے مقدمے میں فردِ جرم (چارج شیٹ) دائر کر دی ہے۔
کرائم برانچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف آئی آر نمبر 08/2016 (جس میں آر پی سی کی دفعات 420/511، 167، 471 اور 120-B شامل ہیں) کے تحت یہ فردِ جرم سری نگر کی سب جج عدالت میں دائر کی گئی ہے۔ یہ مقدمہ مشتاق احمد ملک ولد غلام احمد ملک، ساکن بارہ پتھر، ہفت چنار، سری نگر اور اس وقت کے پٹواری جو اب وفات پا چکے ہیں کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔
اس مقدمے کا آغاز ایک شکایت پر ہوا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزمان نے مجرمانہ سازش کے تحت کھسرہ نمبر 642 کی زمین پر قبضہ کرنے اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پرسری نگرمیونسپل کارپوریشن سے تعمیراتی اجازت نامہ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس شکایت پر تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران، الزامات کی تصدیق ہوئی جن میں دھوکہ دہی پرمبنی دستاویزات، حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے اورسرکاری عہدے کے مبینہ غلط استعمال کے شواہد شامل تھے۔ بیان کے مطابق، تحقیقات کو "ثابت شدہ” قرار دے کر بند کر دیا گیا اورعدالتی کارروائی کے لیے مجازعدالت میں فردِ جرم پیش کر دی گئی۔
کرائم برانچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مالیاتی دھوکہ دہی کے خلاف چوکس رہیں اورمشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایس ایس پی، ای او ڈبلیو کشمیر کو دیں۔ (ایجنسیاں)
