بلال احمد/سٹی ایکسپریس
سوپور، 23 مئی،2026: مسلسل ژالہ باری نے سوپور حلقہ اور رفیع آباد حلقہ میں باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، جس سے باغات کے مالکان بھاری مالی نقصان سے پریشان ہیں۔
صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایل اے سوپورارشاد رسول کار نے حکومت پر زور دیا کہ وہ متاثرہ کاشتکاروں کو فوری معاوضہ فراہم کرے۔ انہوں نے عزت مآب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی کہ وہ باغبانوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کریں جن کی فصلوں اور پھلوں کے پودوں کو ژالہ باری سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
ایم ایل اے نے وزیر باغبانی جاوید احمد ڈار کے ساتھ بھی ٹیلی فونک بات چیت کی اور انہیں متاثرہ علاقوں کی موجودہ زمینی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نقصانات کا فوری تخمینہ لگانے اور کاشتکار برادری کی مدد کے لیے محکمہ باغبانی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔
ارشاد رسول کر نے کہا کہ باغبانی مقامی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے پر انحصار کرنے والے ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی کے تحفظ کے لیے بروقت امداد ضروری ہے۔
