سٹی ایکسپریس نیوز
شوپیاں، 5 جون،2026: جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے ہیر پورہ علاقے میں جمعہ کو دوبجان کے قریب ایک سوئفٹ کار سڑک سے پھسل کر نیچے گرنے سے کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے۔
ایک پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حادثہ ہیر پورہ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں دبجان میں اس وقت پیش آیا جب ایک سوئفٹ کار جس کا رجسٹریشن نمبر JK11D-4114 تھا، راجوری سے شوپیاں کی طرف جارہی تھی، بے قابو ہوکر سڑک سے الٹ گئی۔
گاڑی رمیش شرما کا بیٹا سنیل شرما چلا رہا تھا۔ اس حادثے میں ڈرائیور کے علاوہ پانچ دیگر مسافر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی شناخت سنیل شرما، راجیش کمار، پلوی چندن، آرو کمار، پراچی اور دعا کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال شوپیاں منتقل کیا۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
