437

جموں وکشمیرکے آخری مہاراجہ ہری سنگھ کا127واں یوم پیدائش

سرکاری سطح پر پہلی مرتبہ عام تعطیل
وزیرداخلہ امت شاہ کاشاندارخراج عقیدت، ’قوم پرستی کی علامت ‘ قرار دیا
مہاراجہ ماہر تعلیم، ترقی پسند مفکر، سماجی مصلح وبلندپایہ انسان تھے منوج سنہا
نیوزسروس

سری نگر:۳۲، ستمبر: جموں وکشمیر میں سابق ریاست کے آخری مہاراجہ ہری سنگھ کے 127 ویں یوم پیدائش کے موقعہ پر عام تعطیل رہی ،جس کا باضابطہ فیصلہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے دیرینہ عوامی مطالبے کے بعدحال ہی میں لیتے ہوئے23ستمبر کوسرکاری تعطیل کااعلان کیا ۔ جموں میں اس دن کے حوالے سے سرکاری اورنجی سطح پر کئی تقریبات کااہتمام کرتے ہوئے ہری سنگھ مہاراجہ کوخراج عقیدت پیش کیاگیا ۔اُدھر مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے مہاراجہ ہری سنگھ کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُنھیں قوم پرستی کی علامت قرار دیا ۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے مہاراجہ ہری سنگھ کواُن کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آنجہانی کو ایک عظیم ماہر تعلیم، ترقی پسند مفکر، سماجی مصلح قرار دیا۔ جموں وکشمیرمیں پہلی مرتبہ آخری مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کوسرکاری سطح پرمنایاگیا۔23ستمبر کوسرکاری سطح پرعام تعطیل رہی اورتمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بندرہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو مہاراجہ ہری سنگھ کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔امت شاہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا”میں قوم پرستی کی علامت مہاراجہ ہری سنگھ جی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج پیش کرتاہوں۔ وزیراعظم مودی نے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ بنانے اور ملک کی سا لمیت کو برقرار رکھنے کی مہاراجہ ہری سنگھ کی کوششوں کی یاد میں ان کی یوم پیدائش کو سرکاری تعطیل قرار دے کر اُنہیں حقیقی خراج عقیدت پیش کیا ہے“۔یاددرہے مہاراجہ ہری سنگھ 23 ستمبر1895 کوجموںمیں پیدا ہوئے،اور26اپریل1961کوممبئی میںانتقال کر گئے۔اس سے پہلے15 ستمبر2022 کو، یہ اعلان لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں سرکردہ سیاسی رہنماو ں، یووا راجپوت سبھا کے اراکین، اور سول سوسائٹی کے اراکین، بشمول جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ یونین کے سربراہ، پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔منوج سنہا نے کہا تھا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کو عام تعطیل قرار دینے کا فیصلہ مقامی لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا تھاکہ حکومت نے مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عام تعطیل مہاراجہ ہری سنگھ جی کی شاندار وراثت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے موزوں ہوگی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ لیفٹنٹ گورنر کی ہدایت پر، انتظامیہ نے اس سال کے شروع میں مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے حوالے سے عوامی مطالبے کا جائزہ لینے کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔لیفٹنٹ گور نرمنوج سنہا نے مہاراجہ ہری سنگھ جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مہاراجہ ایک عظیم ماہر تعلیم، ترقی پسند مفکر، سماجی مصلح اور نظریات کے ایک بلند پایہ انسان تھے،جن کی ملک اور پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود کیلئے غیر معمولی شراکت لوگوں کو متاثر کرتی رہتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں