720

لوک سبھا انتخابات 2024:آج دوسرے مرحلے میں12 ریاستوں اورUTsکی 88پارلیمانی نشستوں پرہوگی ووٹنگ

راہل گاندھی ، اوم برلا،3مرکزی وزراءاور2سابق وزرائے اعلیٰ کی قسمت کا فیصلہ
38اسمبلی حلقوں پر محیط جموں لوک سبھا سیٹ:تقریباً18لاکھ ووٹرکریں گے 2416پولنگ مراکز پراپنے حق رائے کا استعمال
نیوزسروس

سری نگر:۵۲، اپریل: 19اپریل کو پہلے مرحلے میں ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوںکی102پارلیمانی نشستوں پر ووٹنگ ہونے کے بعدآج یعنی26اپریل بروز جمعہ کو دوسرے مرحلے میں12 ریاستوں اورUTsکی 88پارلیمانی نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے ،جس کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات روبہ عمل لائے گئے ہیں ۔ ادھر 38اسمبلی حلقوں پر محیط جموں لوک سبھا سیٹ پرتقریباً18لاکھ ووٹر2416پولنگ مراکز پراپنے حق رائے کا استعمال کریں گے۔ لوک سبھا انتخابات2024 کے دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم بدھ کی شام کو ختم ہو گئی۔ اس مرحلے میںآج یعنی26 اپریل بروز جمعہ کو 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی88 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں کل1206 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ اس مرحلے میں کیرالہ سے20، کرناٹک سے14، راجستھان سے13، مہاراشٹر اور اتر پردیش سے آٹھ آٹھ، مدھیہ پردیش سے 6، آسام اور بہار سے5، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال میں تین تین جبکہ جموں و کشمیر، منی پور اور تریپورہ میں ایک ایک سیٹ پر انتخابات ہوں گے۔صبح 7 بجے سے شام6 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے اور گنتی4 جون کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلے کے لیے89 جنرل مبصر، 53 پولیس مبصر اور 109 ایکسپینڈیچر آبزرور تعینات کیے گئے ہیں۔دوسرے مرحلے کی ہائی پروفائل سیٹوں پر جہاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا امتحان ہوگا ،وہیں 3 مرکزی وزرائ اور2سابق وزرائے اعلیٰ کی ساکھ بھی داو¿ پر لگی ہوئی ہے۔ راجستھان کے2 سابق وزرائے اعلیٰ کے بیٹوں کی قسمت کا فیصلہ26 اپریل کو ہی ہوگا۔اس کے علاوہ کانگریس نے چھتیس گڑھ کی راج ناندگاو¿ں لوک سبھا سیٹ سے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو ٹکٹ دیا ہے۔ کرناٹک کی منڈیا لوک سبھا سیٹ پر سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی ساکھ داو¿ پر لگی ہوئی ہے۔کمارسوامی کی پارٹی جنتا دل (سیکولر) بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں ہے۔ کیرالہ کی ترواننت پورم سیٹ بھی خبروں میں ہے، جہاں سے مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ان کا مقابلہ کانگریس امیدوار اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور سے ہے۔مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت تیسری بار راجستھان کی جودھ پور لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کوٹا سے تیسری بار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔سب کی نظریں متھرا سیٹ سے ہیما مالنی اور میرٹھ سیٹ سے سیریل رامائن کا کردار ادا کرنے والے ارون گوول پر بھی ہیں۔بنگلورو جنوبی لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی کے نوجوان ایم پی تیجسوی سوریا کی ساکھ داو¿ پر لگی ہوئی ہے۔ تیجسوی نے اس سیٹ سے پچھلا الیکشن جیتا تھا۔ کانگریس نے یہاں سومیا ریڈی کو ٹکٹ دیا ہے۔ بہار کی پورنیہ لوک سبھا سیٹ شروع سے ہی بحث میں رہی ہے۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے یہاں بیما بھارتی کو میدان میں اتارا ہے۔دریں اثناءجموں پارلیمانی نشست پر بھی آج ووٹ ڈالے جائیں گے ،جہاں موجودہ ممبرپارلیمنٹ جگل کشور شرما کا سیدھا مقابلہ کانگریس اُمیدوار سے ہے ۔جموں میں اہل ووٹروں کی کل تعداد17لاکھ80ہزار738ہے ،جو 2416پولنگ مراکز پراپنے حق رائے کا استعمال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں