مفاہمت دہشت گردی سے نجات کا واحد راستہ
جموں و کشمیر کے لوگ2قوموںکی دشمنیکے درمیان پھنسے ہوئے ہیں:محبوبہ مفتی
نیوزسروس
سری نگر:۳۲،اکتوبر:سابقہ ریاست جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اورپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملوں سے چھٹکارا پانے کےلئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مفاہمت ہی واحد راستہ ہے۔جے کے این ایس کے مطابق اتوارکی شام ضلع گاندربل کے گگن گیرعلاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کے ایک حملے میں 6دیگر افرادکیساتھ جاں بحق ہونے والے نائیدگام بڈگام کے ڈاکٹرشاہنوازاحمدڈار کیساتھ غمزدہ افرادخانہ سے اُن کے گھرجاکر تعزیت پُرسی کرنے کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ دو قوموں (بھارت وپاکستان )کی دشمنی کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دوقوموں کے غیر دوستانہ رویے کی وجہ سے جموں وکشمیرکے لوگوں کی جان، معاملات اور املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے، اور بدقسمتی سے ڈاکٹر شاہنواز ایسی صورتحال میں پھنس گئے۔محبوبہ مفتی نے ہندوستان اور پاکستان دونوں کو مل کر بیٹھنے اور مسائل کے حل کےلئے بیٹھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تک آگے کا کوئی راستہ نہیں ہے جب تک کہ دونوں ممالک ایک ساتھ بیٹھ کر مفاہمت شروع نہیں کریں گے جیسا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے کیا تھا۔انہوںنے خبردارکیاکہ مفاہمت کا راستہ نہ اپنایا گیاتو گگن گیر جیسی حرکتیں ہوتی رہیں گی۔