وسیع پیمانے پر بارش کی پیش گوئی؛ اچانک سیلاب اور تودے گرنے کے خطرے کے پیشِ نظر حساس علاقوں میں احتیاط برتنے کا مشورہ۔
سٹی ایکسپریس نیوز
سری نگر، 6 اگست،2026: محکمہ موسمیات سری نگر نے جموں و کشمیر میں 15 اگست تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 9 سے 11 اگست کے درمیان حساس علاقوں میں شدید بارش اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈز) کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق، پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ 6 سے 8 اگست تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کچھ مقامات پر مختصر وقت کے لیے شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
9 سے 11 اگست کے دوران موسم کے سرگرم رہنے کا امکان ہے اور زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس عرصے کے دوران چند اضلاع میں شدید بارش اور مختصر وقت کے لیے موسلادھار بارش کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
12 سے 15 اگست کے دوران کئی مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ مقامات پر مختصر وقت کے لیے شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 9 سے 11 اگست کے درمیان ہونے والی موسلادھار یا شدید بارش کے نتیجے میں حساس مقامات پر اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ (تودے گرنے) اور پتھر گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
عوام، بالخصوص لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں یا دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور سرکاری ہدایات پرعمل کریں۔
