نمونوں کے حتمی نتائج نہیں ملے
کچھ رپورٹیں منفی،کچھ کے نتائج آنا باقی:وزیر صحت سکینہ ایتو
نیوزسروس
سری نگر:۴۱، جنوری:راجوری ضلع کے بدھل گاﺅںمیں پُراسرار اورمہلک بیماری کے پھیلنے کے حوالے سے وزیر صحت سکینہ مسعود ایتو نے کہا کہ دسمبر میں کچھ اموات کی اطلاع ملی تھی، اس وقت صورتحال قابو میں تھی۔ تاہم، موجودہ وباءکی وجہ نامعلوم ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل ایک تقریب میں کئی خاندانوں نے شرکت کی جس میں 6سے 7 بچے بیمار پڑ گئے۔ ان میں سے کچھ کو فوری طور پر جی ایم سی راجوری لے جایا گیا جبکہ دیگر کو جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے گزشتہ چند دنوں کے دوران کچھ متاثرہ بچے اس بیماری کا شکار ہو کر دم توڑ گئے۔ وزیر صحت سکینہ مسعود ایتو نے کہاکہ میں تمام میڈیکل ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، بشمول ڈائریکٹرز، ایچ او ڈیز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈی ڈی سیز، ڈی سیز، اور ایس ایس پیز۔ وہ سرگرمی سے صورتحال پر کام کر رہے ہیں۔ انہوںنے مزیدکہاکہ میں نے سیکرٹری صحت کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ علاقے کا دورہ کریں اور ذاتی طور پر پیشرفت کی نگرانی کریں۔سکینہ ایتونے کہا کہ اب تک لیے گئے نمونوں کے حتمی نتائج نہیں ملے ہیں، رپورٹیں منفی آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹیسٹ کے نتائج ابھی باقی ہیں، اور نتائج دستیاب ہونے کے بعد عوام کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔