676

پی ڈی پی شناخت، زمینوں اور ملازمتوں کے حملے کا مقابلہ کر نے کے قابل

رُکن پارلیمان انجینئر رشید کی رہائی ایک اچھا قدم
لیکن جیلوں میں بندہزاروں بے قصور نوجوان کو بھی رہا کیا جانا چاہئے:محبوبہ مفتی
نیوزسروس

اننت ناگ :۲۱،ستمبر: سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو کہا کہ ان کی پی ڈی پی واحد پارٹی ہے جو جموں و کشمیرکے لوگوں کی شناخت، وسائل اور ملازمتوں پر بی جے پی کے حملے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ اننت ناگ میں اپنی پارٹی کے ایک اُمیدوار کے حق میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب ان کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی برسراقتدار تھی، اس نے جموں و کشمیر خصوصاً جنوبی کشمیر کے لوگوں کو مشکل وقت سے باہر نکالا جب اس علاقے کو پوٹا اور اسپیشل ٹاسک فورس کے بدترین اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوںنے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پی ڈی پی جموں و کشمیر کے لوگوں کے جذبات کی نمائندگی کرتی ہے، ان کی بات کرتی ہے۔ پی ڈی پی واحد پارٹی ہے جو ہماری شناخت، زمینوں اور ملازمتوں پر بی جے پی کے حملے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جموں و کشمیر میں پارٹی کے اقتدار میں آنے کی صورت میں پانچ لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے وعدے کے بارے میں پوچھے جانے پرمحبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹ کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ ہر سال دو کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے، لیکن انہوں نے پچھلے10 سالوں میں ایک کروڑ نوکریاں بھی فراہم نہیں کیں۔ انہیں جھوٹ بولنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ پی ڈی پی کی صدرمحبوبہ مفتی نے سوالیہ انداز میں کہاکہ انجینئر رشید کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران جیل سے رہا نہیں کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ اگر انہیں رہا کیا گیا ہوتا تو وہ عوامی مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھاتے لیکن انہیں جموں و کشمیر انتخابات سے عین قبل رہا کیا گیا تاکہ وہ عوام سے ووٹ مانگ سکیں۔تاہم محبوبہ مفتی نے کہا کہ انجینئر رشید کو رہا کرنا اچھی بات ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہزاروں بے گناہ نوجوان جو جیلوں میں بند ہیں انہیں بھی رہا کیا جائے۔پی ڈی پی صدر کاکہناتھاکہ نجینئر رشید کی رہائی کے بعد ہم دیگر بے قصور نوجوانوں کے رہا ہونے کی اُمید کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کہا کہ ’ہزاروں بے قصور نوجوان ملک کی محتلف جیلوں میں بند ہیں، انہیں بھی رہا کیا جانا چاہئے‘۔سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت کی گزشتہ کارکردگی سے عوام بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت کے دوران جموں و کشمیر میں ہسپتال، میڈیکل کالج قائم کئے گئے، سڑکیں تعمیر کی گئی، روزگاری کے دروازے کھولے گئے، پوٹا جیسے کالے قانون کو ختم کیاگیا، اخوان اور ٹاسک فورس کے ظلم و ستم سے لوگوں کو آزاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے مرحوم مفتی محمد سعید نے کافی پیش رفت کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں